پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 200 رنز کی برتری

  پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 106 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 114 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کو آؤٹ کردیا

پنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز: پاکستان کو جنوبی افریقہ پر 200 رنز کی برتری

پاکستان نے پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 129 رنز بنالیے جبکہ 6 وکٹیں گرگئیں، تاہم قومی ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف مجموعی طور پر 200 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔  پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے 106 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 114 کے مجموعے پر شاہین آفریدی نے کپتان کوئنٹن ڈی کوک کو آؤٹ کردیا۔ 

چھٹی وکٹ پر وین مولڈر اور بواما نے اسکور 164 تک پہنچایا جہاں مولڈر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد پاکستانی بولرز نے مہمان ٹیم کے بلے بازوں کو رک کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔  سوائے ٹیمبا بواما کے کوئی کھلاڑی پاکستانی بولنگ اٹیک کا سامنا نہیں کر پایا اور مہمان ٹیم 201 رنز پر پولین لوٹ گئی۔  پاکستانی فاسٹ بولر حسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔  پاکستانی بیٹسمین کو جنوبی افریقی ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے پر 71 رنز کی برتری ملی لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ 

صفر پر نوجوان بیٹسمین عمران بٹ، پھر 28 کے مجموعے پر عابد علی بھی پویلین لوٹ گئے، ایسے میں شائقین کی امیدوں کا مرکز بابر اعظم تھے جو 45 کے مجموعے پر صرف 8 رنز بنا کر کیشو مہاراج کا شکار ہوگئے۔ 

اظہر علی جنھوں نے 33 رنز بنائے تھے، وہ بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 63 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔  اس کے بعد فواد عالم نے کمان سنبھالی اور وہ صرف 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد قومی ٹیم 76 پر ہی آدھی وکٹوں سے محروم ہوگیا۔ 

ایسے میں فہیم اشرف اور محمد رضوان نے 52 رنز کی پارٹنر شپ بنائی لیکن 128 کے مجموعے پر فہیم اشرف بھی پولین لوٹ گئے۔  دن کے اختتام تک محمد رضوان 28 اور حسن علی بغیر کوئی رن بنائے کیریز پر موجود ہیں۔  جنوبی افریقہ کے جارج لِنڈا نے 3 جبکہ کیشو مہاراج نے 2 اور کگیسو رباڈا نے ایک وکٹ حاصل کی۔