ای روزگار پروگرام پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کوفری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

ای روزگار پروگرام پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کوفری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

لاہور  :معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جہاں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہاہے وہاں نادان اپوزیشن سیاسی درجہ حرارت کو سوات جیسے پرآسائش اور خوشگوار موسم میں اکٹھے ہو کر لطف اندوز ہو رہی ہے۔ کنیز اول جھولے جھولتی ہوئی نظر آئی ہیں جو ظاہر کرتا ہے کہ ان کو عوام کا کتنا درد ہے اور یہ عوام کے مسائل کے تدارک کے لئے کس قدر کوشاں ہیں۔ عوام کے حقوق کا ڈھنڈورا پیٹنے والا گروہ عوام کو گمراہ کر رہا ہے۔ شاہد خاقان عباسی شہبازشریف کے بیانیے کو داغدار کرتے دکھائی دیئے ہیں۔ شہبازشریف نے جعلی راجکماری کا کشمیر کے الیکشن کو لیڈ کرنے کے خواب کو چکناچور کر دیا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ان کے گھر میں انتشار اور فساد برپا ہے۔ پی ڈی ایم ملک میں بھی ایسا ہی انتشار و فساد برپا کرنا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھاری اکثریت سے بجٹ کی منظوری پر حکومت کے ہاتھوں اپوزیشن کو جو ہزیمت اٹھانا پڑی، سوات کے جلسے میں اپوزیشن اپنے زخموں کو چاٹنے میں مصروف ہے۔ وزیراعلیٰ کے خلاف کنیز دوم منفی پراپیگنڈا بم کی طرح میڈیا کی سکرین پر چھوڑتی ہیں اور یہ تاثر دیتی ہیں کہ ان کا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ عثمان بزدار تین سال سے اپوزیشن کی آنکھوں میں تنکا بن کر کھٹک رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پسماندہ علاقے سے وزیراعلیٰ کو منتخب کر کے انہیں نمائندگی کا موقع دیا جبکہ شاہی خاندان نے تو کبھی کسی کو اقتدار میں آنے کا موقع نہیں دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار تین سال سے ن لیگ کا مقابلہ کر رہے ہیں اور اداروں کو لگی دیمک کے خاتمے کے لئے مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ترقی کا جو روڈمیپ لے کر آئی ہے وہ ظلِ سبحانی کے مزاج کے مطابق نہیں کیونکہ اب صرف عوام کی دادرسی ہو گی۔نوجوانوں کو معیاری تعلیم، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے دورحاضر کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ای روزگار سکیم کو متعارف کرایا۔ ای روزگار پروگرام پنجاب کے بیروزگار نوجوانوں کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کر رہا ہے جس سے وہ گھر بیٹھے آن لائن کام کر کے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ ای روزگار پروگرام محکمہ یوتھ افیئرز اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں 71 ہزار افراد کو فری لانسنگ کی تربیت فراہم کی جا چکی ہے اور 45 تربیتی مراکز کا قیام اس منصوبے کے آئندہ اہداف میں شامل ہے۔ اب تک 31 ہزار سے زائد امیدواروں کو تربیت دی جا چکی ہے۔ ان میں خواتین کی تعداد54فیصد ہے۔مزید 4ہزار افراد زیرتربیت ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ای روزگار پروگرام میں 3ماہ کی مفت تربیت دی جاتی ہے۔

صوبہ پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں 31 مراکز فعال ہیں، جن میں سے 5 مراکز خواتین کے لئے مختص ہیں۔ پروگرام سے تربیت پانے والے نوجوان اب تک ساڑھے 3 ارب روپے سے زائد کا زرمبادلہ کما چکے ہیں۔ تربیتی پروگرام میں داخلہ لینے کے لئے عمر کی حد 35سال ہے جبکہ کم سے کم تعلیمی قابلیت ماسٹرز رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی گیدڑ بھبھکیوں کا جواب ہم اپنی کارکردگی سے دیں گے۔ ہماری پرفارمنس ہی ہمارا جواب ہے۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ لاہور ٹھگ اور بدمعاش کا کیا انداز ہوتا ہے۔ اندر یہ پاؤں پکڑتے اور باہر گریبان پکڑتے نظر آتے ہیں۔ اپوزیشن نے ہمیشہ امپائر سے مل کر میچ کھیلا۔ پہلی دفعہ امپائر نیوٹر ل ہے۔ ن اور ش کے درمیان کھینچا تانی ہے۔ کچھ افراد ش کی قیادت کو تقویت دیتے ہیں اور کچھ ظل سبحانی کو وفاداریوں کا یقین دلاتے ہیں۔ کچھ عرصے کے بعد سب سافٹ ویئر اپ ڈیٹنگ لسٹ میں آ جائیں گے۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ گڈبوائے اور بیڈبوائے کا مل کر میچ کھیلنا ایکسپوز ہو چکا ہے۔ اس وقت ش لیگ جیتتی نظر آ رہی ہے ن لیگ پس پشت ہے