تحفظ ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے کاسمو پولیٹین کلب میں تقریب کا انعقاد

صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت ، صاف ستھرا اور سر سبز و شاداب پاکستان موجودہ حکومت کا وژن ہے: صوبائی وزیر ماحولیات

تحفظ ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے کاسمو پولیٹین کلب میں تقریب کا انعقاد

لاہور :  تحفظ ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا تاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ  ماحولیاتی آلودگی وغیرہ کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔اسی غرض سے روٹری کلب لاہور ایجوکیٹرز کی طرف سے کاسمو پولیٹین کلب، باغ جناح لاہور میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں صوبائی وزیر ماحولیات محمد رضوان نے بحیثیت مہمان خصوصی جبکہ روٹری کلب انٹرنیشنل کے گورنر تعظیم احمد کمبوہ،روٹری کلب ایجوکیٹرز کی صدر ردا عرفان، کوراڈینیٹر روٹری انترنیشنل عرفان چوہدری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دیگر متعلقہ افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر محمد رضوان نے دوران خطا ب کہاکہ پاکستان ان خوش قسمت ریاستوں میں شامل ہے، جو ہر قسم کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے تاہم ہمیں آب و ہوا کی تبدیلی کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کرنا ہوگا۔ ہمیں اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھتے ہوئے آگے بڑھ کر موجودہ حکومت کی ٹری سونامی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے حصے کا پودا لگانا ہوگا تاکہ ہماری آنیوالی نسلیں ہر قسم کی ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 تمام  انسانوں کے لئے ایک چیلنج بن کر سامنے آئی ہے جبکہ لاکھوں افراد اس وباء کا شکار ہو چکے ہیں،جسکی وجہ سے حکومت کو لاک ڈاؤن کرنا پڑا تاکہ اپنے شہریوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں ماحولیاتی آلودگی میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہاکہ کورونا جیسے وبائی مرض نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جبکہ پاکستان میں اس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ عوام کی اکثریت میں بیداری کا نہ ہونا ہے،اسلئے ضروری یہ کہ حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی کو بھی لوگوں میں بیداری مہم چلانے کے لئے ملکر آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کو بحیثیت ذمہ دار شہری کے حکومت پاکستان کے مقرر کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا اور بار بار ہاتھ دھونا،سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے ساتھ ماسک کا استعمال یقینی بنانے پر زور دینے کی ضرورت ہے تاکہ حکومتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جا سکے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے روٹری کلب میں گرین سرسبز و شادب پاکستان مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور ملکی سا  لمیت اور کورونا جیسی وباء کے خاتمے کے لئے خصوصی طور پر دعاء بھی کی۔صوبائی وزیر نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے روٹری کلب کے منتظمین کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا  جبکہ گورنر روٹری انٹرنیشنل تعظیم احمد کمبوہ نے بھی ایک پودا لگایا اور صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ بلین ٹری سونامی اور کلین گرین پاکستان کی مہم کو فروغ دینے کے لئے ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے۔