عالمی ادارہ صحت اور جرمنی کا عالمی وبائی امراض کے اعداد و شمار ، نگرانی ، تجزیہ بارے نیا عالمی مرکز قائم کرنے کا اعلان

عالمی ادارہ صحت اور جرمنی کا عالمی وبائی امراض کے اعداد و شمار ، نگرانی ، تجزیہ بارے نیا عالمی مرکز قائم کرنے کا اعلان

برلن :عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور جرمنی نے عالمی وبائی امراض کے اعداد و شمار ، نگرانی اور تجزیہ بارے برلن میں ایک نیا عالمی مرکز قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا مرکل نےآن لائن پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ مرکز وبائی امراض سے بچاو کا ایک عالمی پلیٹ فارم ہوگا ، جس میں سرکاری ، تعلیمی اور نجی شعبے کے مختلف اداروں کو اکٹھا کیا جائے گا جو ڈبلیو ایچ او کے ہیلتھ ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرکز دنیا بھر کے ممالک اور شراکت داروں کے لیے ایک نیا اشتراک ہوگا جس میں اعداد و شمار کی دستیابی،خطرے کے تجزیہ بارے ٹولز اور پیش گوئی کرنے والے ماڈل تیار کیے جائیں گے۔

اس مرکز میں بیماریوں پر قابو پانے بارے اقدامات ، کمیونٹی ایکسپٹنس اور انفوڈیمکس کی نگرانی کرنا شامل ہو گی۔یہ مرکز تمام ممالک میں صحت عامہ کے ماہرین اور پالیسی سازوں کے کام کی حمایت کرے گا ، تاکہ وہ مستقبل میں صحت کی ہنگامی صورتحال کو روکنے کے لیے بہتر فیصلے کرسکیں۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریسس نے کہا کہ کووڈ۔19 کی وبا سے ہم نے یہ سبق سیکھا ہے کہ دنیا کو اعداد و شمار کے تجزیے کی ضرورت ہے تاکہ عالمی راہنماوں کو صحت سے متعلق فیصلے کرنے میں مدد ملے۔انہوں نے کہا اس کے لیے مصنوعی ذہانت جیسی اعلی درجے کی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے اور متعدد اعداد و شمار کے ذرائع کو یکجا کرنا ضروری ہے۔ بہتر اعداد و شمار اور بہتر تجزیات سے ہی بہتر فیصلے کئے جا سکتے ہیں