کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم،عید تعطیلات کے دوران خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں:عثمان بزدار

  کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم،عید تعطیلات کے دوران خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں:عثمان بزدار

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارلاہور کے مسائل حل کرنے کے لئے ان ایکشن، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہورڈویژن کیپٹن (ر) محمدعثمان یونس کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایت کی کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کی اجازت نہ دی جائے۔عید کی تعطیلات کے دوران خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ مل کر صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنائے۔ صفائی کے نظام کومستقل بنیادوں پر درست کیا جائے اور شہرکی خوبصورتی کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے۔انتظامیہ پی ایچ اے کے ساتھ ملکر لاہور کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دے۔انہوں نے کہا کہ لاہورشہر کی ترقی کیلئے اربوں روپے کا ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔بہت جلد میگا پراجیکٹس پر کام کا آغازکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس بنانے کے منصوبے پر کام تیز کیا جائے۔شہر میں پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلئے نئے پارکنگ پلازہ بنائے جائیں گے۔ کمشنر لاہورڈویژن پارکنگ پلازہ بنانے کیلئے لیڈ لیں۔ انہوں نے کہا کہ پناہ گاہوں میں آنے والے افراد کی سہولت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شہرمیں نئی پناہ گاہوں کے قیام کے لئے اراضی کی نشاندہی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔لاہورشہرمیں بسنے والوں کے مسائل کے حل کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہوا کرگزریں گے۔انہوں نے کہا کہ پارکنگ ایشوزکے حل اور ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری کے حوالے سے ٹھوس اقدامات چاہتا ہوں۔تجاوزات کے رجحان کے خاتمے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہورپاکستان کا دل ہے اور لاہور کے مسائل کوترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے گا۔