راولپنڈی میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نارتھ کے صنعتی شعبہ کو براہ راست فائدہ ہو گا،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب

راولپنڈی رنگ روڈ کے حوالے سے طارق مرتضٰی کی سردار تنویر الیاس کو تفصیلی بریفنگ

راولپنڈی میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام سے نارتھ کے صنعتی شعبہ کو براہ راست فائدہ ہو گا،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے بزنس،سرمایہ کاری و ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان سے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین طارق مرتضٰی اور ممبر قومی اسمبلی صداقت عباسی نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے آفس میں ملاقات کی۔جس میں راولپنڈی رنگ روڈ کے حوالے سے اقدامات سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی  سردار تنویر الیاس کو آگاہ کیا۔ رنگ روڈ کے ساتھ قائم کیے جانے والے انڈسٹریل زون کا موضوع بھی زیر بحث لایا گیا۔

اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ رنگ روڈ کے قریب قائم کیے جانے والے انڈسٹریل اسٹیٹ کے حوالے سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔اس سے اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبر کے سرمایہ کاروں اور بزنس کیمونٹی کو بھی کاروباری اور سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے۔انھوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور ذاتی طور پر جو معاونت درکار ہو گی ان کی پہلی ترجیح میں فراہم کی جائے گی۔

چیئرمین راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سردار تنویر الیاس خان کو راولپنڈی میں جاری مختلف پروجیکٹس کے متعلق بھی تفصیل سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر مرتب کی جانے والی پالیسوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے کہا کہ جس طرح لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قوانین اور پالیساں مرتب کرنے کے لیے معاونت فراہم کرتی ہے اسی طرح راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ بھی ہر طرح کی مشاورت اور معاونت فراہم کی جائے گی جس کے لیے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹرز اپنی خدمات پیش کریں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا راولپنڈی رنگ روڈ کا پروجیکٹ نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے اور  رنگ روڈ کے ساتھ قائم ہونے والے انڈسٹریل اسٹیٹ کا پروجیکٹ بھی ملک کی ترقی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب راولپنڈی رنگ روڈ اور انڈسٹریل زون کے پروجیکٹ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے جو بھی معاونت درکار ہو گی، فراہم کی جائیگی۔اس کا فائدہ براہ راست عوام کو ہو گا جس سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے باسیوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ رنگ روڈ سے جڑے بہت سے پروجیکٹ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونگے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ ہمارے نارتھ کی دیرینہ ضرورت تھی جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی تکمیل کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  ترجیح بنیادوں پر اس پہ کام کر رہے ہیں اور ان کی سربراہی میں ہماری پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی ٹیم سرمایہ کاری کے حوالے سے اور انڈسٹری میں مزید بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ نارتھ کے چاروں اضلاع بارانی ہے جسکی وجہ سے لوگوں کا رجھان صنعتوں کی جانب زیادہ ہے اس صنعتی روجھان کے پیش نظر نارتھ کی عوام کو اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں آگے بڑھنے کا زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا جائے گا۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چئیرمن طارق مرتضٰی نے رنگ روڈ اور نارتھ کی عوام کے لیے کی جانی والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے معاون خصوصی برائے بزنس، سرمایہ کاری و ٹریڈ سردار تنویر الیاس خان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے صداقت عباسی ممبر قومی اسمبلی اور طارق مرتضٰی کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی تکمیل کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں سرمایہ کاری کے عمل کو بڑھانے اور پرائیویٹ سیکٹر خاص کر انڈسٹری کے فروغ سے ہی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔