اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں میں آؤٹ ڈورکھلی کچہریوں کا انعقاد

جن میں عوامی خدمت اور قومی تعمیر کے محکموں سے وابستہ عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا : صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ

اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں میں آؤٹ ڈورکھلی کچہریوں کا انعقاد

لاہور: مصنوعی مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کی انسدادی مہم کے انچارج صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پروہ اپنے حلقے کی مختلف یونین کونسلوں میں آؤٹ ڈورکھلی کچہریوں کا انعقاد شروع کررہے ہیں جن میں عوامی خدمت اور قومی تعمیر کے محکموں سے وابستہ عوام الناس کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائیگا۔ صوبائی وزیر پہلی آؤٹ ڈور کھلی کچہری 7.نومبر بروز ہفتہ گورنمنٹ ڈگری کالج صدیقی چوک سیٹلائیٹ ٹاؤن میں دن 2 بجے منعقد کریں گے جہاں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے محکمہ سوئی گیس، واپڈا، آر ڈی اے، ہائی ویز، لوکل گورنمنٹ، پولیس، ایکسائز و ٹیکسیشن، واسا، البارک، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی،آر ڈبلیو ایم سی اور محکمہ زکواۃ سمیت دیگر محکموں کے ارباب اختیار موجود ہونگے.  صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اپنے دفتر میں روٹین کی کھلی کچہری کا انعقاد بھی جاری رکھیں گے۔

دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے مصنوعی مہنگائی و ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے قائم کئے گئے مختلف سہولت بازاروں کا دورہ کیا اور وہاں خریداری کیلئے آئے ہوئے خواتین و حضرات سے اشیائے صرف کے معیار اور قیمتوں کے بارے میں استفسار کیا. صوبائی وزیر نے معمولی نوعیت کی عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے بازار کی انتظامی کمیٹی کو موقع پر احکامات جاری کئے. انہوں نے مختلف سٹالوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں فروخت کے لئے موجود سبزیوں، پھلوں اور روز مرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں دکانداروں سے معلومات لیں. راجہ راشد حفیظ نے ریٹ لسٹیں بھی چیک کیں اور سٹال ہولڈرز سے کہا کہ وہ مقررہ نرخوں کی سختی کے ساتھ پابندی کریں. نیز وہ ان قیمتوں پر معیاری اشیاء ہی فراہم کریں اور جہاں معیار میں کمی آ جائے وہاں اشیاء کی قیمتیں بھی مزید کم کی جائیں۔