صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے سوشل میڈیا ونگ ٹیم کے ہمراہ عمران خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا 

پاکستان بھر میں نوجوان نسل کو بااختیار بنانا ہی عمران خان کا مشن ہے نوجوانوں کو با اختیار بناکر ہی ملکی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے :صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین

صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے سوشل میڈیا ونگ ٹیم کے ہمراہ عمران خان کی سالگرہ کا کیک کاٹا 

لاہور: صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اور انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ بلا شبہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں بااختیار بنانا ہی وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے متعدد انقلابی پروگرام شروع کیے ہیں اور امید ہے کہ یہ انقلابی پروگرام نوجوانوں کے خوابوں کو پورا کریں گے۔سوشل میڈیا مینارٹی ونگ کی ٹیمیں صوبہ بھر میں امن و محبت کو فروغ دینے کے لئے شاندار کارکردگی دکھا رہی ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی آپس میں نفرتوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے اسی طرح کاوشیں کرتی رہیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اقلیتی ونگ،سیالکوٹ کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران کیا جبکہ وفد کی قیادت ممبر انسانی حقوق واقلیتی ونگ نورین گل نے کی۔

وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سالگرہ :ٹاپ ٹرینڈ : بن گئی تھی اور دنیا بھر سے نیک خواہشات کا سلسلہ جاری رہا ۔انہوں نے صوبائی وزیر کے ہمراہ عمران خان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور صحت و تندرستی کے لئے خصوصی دعاءبھی کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہا کہ بلا شبہ دنیا بھر میں عمران خان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے اور عمران خان کی خصوصی کاوشوں سے بہت جلد مسئلہ کشمیر بھی حل ہوجائےگا کیونکہ ماضی میں مسئلہ کشمیر پر محض سیاست کی گئی جبکہ تحریک انصاف کی حکومت میں سنجیدہ کوششیں جاری ہیں جسکا ثمر بہت جلد محسوس کیا جا سکے گا۔انہوں نے عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی اور مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

صوبائی وزیر نے ملاقات کے دوران امید ظاہر کی کہ سوشل میڈیا مینارٹی ونگ کی کاوشوں میں مزید نکھار آسکے گا کیونکہ تحریک انصاف کی حکومت کا یقین ہے کہ نوجوانوں کی بہتری کے لئے کیجانیوالی سرمایہ کاری سے امید قائم کی جا سکتی ہے کہ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکے ۔ وفد نے صوبائی وزیر کو یقین دلایا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پوری ایمانداری اور لگن سے نبھاتے ہوئے ایک بہترین ٹیم ورک کے طور پر پاکستان کی خوشحالی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہمیں اجتماعی طور پر اس کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے انسانیت کی خدمت میں سوشل میڈیا اقلیتی ونگ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اقلیتی ونگ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو بخوبی نبھاتے ہوئے تمام مذہبی اقلیتوں میں جنم لینے والے احساس محرومی کے خاتمے کو یقینی بنائے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق محمد یوسف، سوشل میڈیا مینارٹی ونگ کے سربراہ تنویر یوسف بھٹہ اور دیگر متعلقہ عہدیدار ان بھی موجود تھے۔