عالمی کپ ٹی -20 کے لئے بھرپور تیاری کی ہے ، پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، گیری سٹیڈ

عالمی کپ ٹی -20 کے لئے بھرپور تیاری کی ہے ، پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، گیری سٹیڈ

آکلینڈ :نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری سٹیڈ نے کہا ہے کہ ٹی-20 ورلڈ کپ کے لئے بھر پور تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی کپ ٹی -20 میں گرین شرٹس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پاکستان کے خلاف پہلے میچ کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔

اپنے ایک بیان میں کیوی کوچ گیری سٹیڈنے کہا کہ ہماری ٹیم میگا ایونٹ کے لئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے اور پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔گیری سٹیڈ نے کہا کہ پاکستان میں جو ہوا وہ اب ماضی کا حصہ ہے اور وہ بہت افسوسناک ہے تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہمارے کھلاڑیوں نے بھی کھیلنے کا موقع ضائع کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں ہمارا گروپ ٹف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ چھ سے سات ٹیمیں ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کی پوزیشن میں ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات اور عمان میں شروع ہوگا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔آئی سی سی کے مطابق پاکستان اپنا دوسرا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

گرین شرٹس اپنے تیسرے میچ میں 31 اکتوبر کو افغانستان کے مدمقابل ہوں گے۔ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے پاکستان کرکٹ ٹیم 15 اکتوبر کو یواے ای جائے گی ۔ٹی -20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو شیخ زید سٹیڈیم ،ابوظہبی میں کھیلا جائے گا اور دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو انٹرنیشنل سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ میگا ایونٹ کا فائنل میچ 14 نومبر کو انٹرنیشنل سٹیڈیم ، دبئی میں ہی کھیلا جائے گا