برازیل میں کورونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ4 ہزار اموات، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد3 لاکھ37ہزار سے متجاوز

برازیل میں کورونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ4 ہزار اموات، مجموعی ہلاکتوں کی تعداد3 لاکھ37ہزار سے متجاوز

ریوڈی جنیرو :لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں کورونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ4 ہزار سےزیادہ اموات ہوئی ہیں۔ بدھ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی ہلاکتوں کے بعد برازیل میں مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد3 لاکھ37ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں مریضوں کی تعدادایک کروڑ31لاکھ تک پہنچ گئی۔ برازیل میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 4195 افراد ہلاک ہوئے ہیں، اس دوران کورونا کے ایک لاکھ 30 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔برازیل میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد13106258ہے۔

وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد337364 ہے جبکہ مختلف علاقوں میں اس وقت کورونا وائرس کے1209910فعال مریض ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک11558784سے زائد کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ برازیل کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے دنیا کا تیسرا جبکہ ہلاکتوں کے حوالے سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔حکام کے مطابق ہسپتالوں میں داخلے کے لئے بڑی تعداد میں مریض آرہے ہیں اور ان کی موت ہورہی ہے، بعض شہروں میں لوگ علاج کے منتظر ہیں۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ملک کے بہت سارے علاقوں میں صحت کا نظام خراب ہونے کے دہانے پر ہے۔ مریضوں اور اموات کی تعداد بڑھنے کے باوجود برازیل کے صدر جیئر بولسنارو وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے لاک ڈاون لگانے کے حق میں نہیں ہیں، ان کا موقف ہے کہ لاک ڈاون سے معیشت کو پہنچنے والا نقصان وائرس کے اثرات سے بھی بدتر ہوگا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ برازیل میں اس سال مارچ میں کورونا وائرس سے ریکارڈ 66570 افراد ہلاک ہوئے ہیں