ڈیجیٹل سگنیچر کیلئے سرٹیفیکیشن اتھارٹی کا اجرا

ڈیجیٹل سگنیچر کیلئے سرٹیفیکیشن اتھارٹی کا اجرا

 اسلام آباد: وزارت آئی ٹی نے آن لائن ڈیٹا مزید محفوظ بنانے کے لیے ڈیجیٹل سگنیچر سرٹیفیکیشن اتھارٹی کا اجراٗ کردیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے این ٹی سی اور ای سی اے سی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان  کو ڈیجیٹل اکانومی میں تبدیل کرنے کا عمل جاری ہے۔ڈیٹا اور تمام ڈیجیٹل ٹرانزکشنز کے تحفظ کیلئے ریگولیٹری فریم ورکس کی تشکیل ناگزیر ہوگئی ہے۔اس مقصد کے لیے پاکستان میں پہلی بار سرٹیفیکیشین اتھارٹی کا اجراٗ کیا جارہا ہے۔

وزیرآئی ٹی کا مزید کہنا تھا کہ سرٹیفیکیشن اتھارٹی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کوڈیجیٹل سگنچر سرٹیفیکیٹ جاری کرے گی۔ اس طرح سائبراسپیس میں صارفین کی سیکیورٹی اور تصدیق کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی معاونت سے پاکستان میں روٹ سرٹیفیکیشن اتھارٹی قائم کی ہے۔فی الوقت پبلک انفراسٹرکچر کی بنیاد پر ڈیجیٹل سگنیچر واحد ٹیکنالوجی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی محفوظ اور معتبر الیکٹرانک ٹرانزکشنز کے لیے الیکٹرانک سگنیچر کے معیار پر پورا اترتی ہے۔