سری لنکا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، 14 ہلاک

 سری لنکا میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، 14 ہلاک

کولمبو: سری لنکا میں دو دن سے جاری موسلا دھار بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے 5 اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، موسلا دھار بارشوں سے ڈیم میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اور پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔سری لنکا کے نیشنل ڈیزازٹر منیجمنٹ سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے جب کہ ریسکیو ادارے کے غوطہ خوروں نے 66 افراد کو ڈوبنے سے بچالیا تاہم 5 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔زیادہ تر ہلاکتیں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث ہوئیں۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے ذرائع آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئیں۔ بارشوں اور سیلاب سے 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے جب کہ علاقے میں بجلی بھی منقطع ہے۔