میاں اسلم اقبال سے سرمایہ کاروں کے وفدکی ملاقات،بھلوال میں پروائیوٹ سپیشل اکنامک زون کے قیام میں اظہار دلچسپی

صوبہ میں کاروباری مواقع بڑھانااور نئی سرمایہ کاری لانا پنجاب حکومت کی پہلی ترجیحی ہےمحمود سنز بھلوال میں نجی سپیشل اکنامک زون بنائے، ہر ممکن تعاون کیا جائے گا،سرمایہ اکاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں دیں گے : صوبائی وزیر صنعت وتجارت

میاں اسلم اقبال سے سرمایہ کاروں کے وفدکی ملاقات،بھلوال میں پروائیوٹ سپیشل اکنامک زون کے قیام میں اظہار دلچسپی

لاہور:صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے آج محمود سنز کے ڈاکٹر اسرار احمد کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفدنے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں ملاقات کی۔ سرمایہ کار وں نے بھلوال میں ٹائل انڈسٹری لگانے اور نجی سپیشل اکنامک زون کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں کاروباری مواقع بڑھانااور نئی سرمایہ کاری لانا پنجاب حکومت کی پہلی ترجیحی ہے۔ اس لئے پنجاب میں ہزاروں ایکڑ رقبے پر 13 سپیشل اکنامک زونز کے قیام پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ان اکنامک زونز میں صنعتیں لگنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا انڈسٹریل انفراسٹر کچرفراہم کیا جارہا ہے۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ فیصل آباد کے صنعتی زونز میں اربوں روپے کی نئی سرمایہ کاری آچکی ہے۔سپیشل اکنامک زونز میں صنعتیں لگانے والوں کو 10 سال کی انکم ٹیکس کی چھوٹ کی سہولت حاصل ہے۔ جبکہ پہلی بارمشینری کی درآمد پر ڈیوٹی زیرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت پروائیوٹ سپیشل اکنامک زونز کے فروغ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔محمود سنز بھلوال میں نجی سپیشل اکنامک زون بنائے، ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل احمد اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔