لے پالک بیٹی کے قانونی کاغذات نہ بنائے جانے پر نادیہ جمیل ‘نادرا’ سے نالاں

لے پالک بیٹی کے قانونی کاغذات نہ بنائے جانے پر نادیہ جمیل ‘نادرا’ سے نالاں

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی  سینئر اداکارہ نادیہ جمیل نے حال ہی میں ایک بچی کو گود لیا ہے جس کے قانونی کاغذات  بنانے میں تاخیر کرنے پر اداکارہ  نادرا سے خفا ہیں۔

اداکارہ نادیہ جمیل نے ‘نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی’ (نادرا) کی جانب سے لے پالک بیٹی کے قانونی کاغذات بنانے میں تاخیر کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئےاپیل کی ہے کہ  انہیں جلد از جلد کاغذات فراہم کریں۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ  انہیں کاغذات کے لیے درخواست دیے ہوئے کافی وقت ہوگیا تاہم تاحال انہیں اپنی بیٹی ’نوری‘ کے ب فارم اور  دیگر کاغذات فراہم نہیں کئے گئے۔

 نادیہ جمیل نے انسٹاگرام پر گود لی ہوئی بیٹی نوری کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے نادرا کو بھی پوسٹ میں مینشن کیا او ر لکھا کہ انہیں بیٹی کو لے کر برطانیہ جانا ہے جہاں بیٹی کو آنکھوں کے ڈاکٹر سے چیک اپ  کروانا ہے نادرا سے انہیں بیٹی کا ‘ب’ فارم اور دیگر قانونی دستاویزات درکار ہیں جو یہ ثابت کر سکیں کہ وہ نوری کی کفیل ہیں۔

 یاد  رہے کہ اداکارہ اس وقت برطانیہ میں موجود ہیں  جبکہ ان کی  لے پالک بیٹی نوری پاکستان میں ان کی والدہ کے پاس موجود ہے جس کو وہ اپنے ساتھ برطانیہ لے جانا چاہتی ہیں۔

نادیہ جمیل نے امید کا اظہار کیا کہ نادرا ان کے معاملے کو جلد حل کرے گا اور انہیں بیٹی کے قانونی دستاویزات جلد فراہم کرے گا۔

 واضح رہے کہ نادیہ جمیل  کینسر کو شکست دینے والی ایک باہمت اداکارہ ہیں جن کی اپنی کوئی اولاد نہیں، انہوں نے نوری سے قبل بھی پانچ بچوں کو گود لے رکھا ہے، جن کی وپ سالوں سے پرورش کرتی  آرہی ہیں۔