چینی سرمایہ کاری وفد کا محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کا دورہ

مقامی جانوروں کے جینیاتی خواص میں بہتری کیلئے ایمبریو ٹرانسفر لیبارٹریز  کاقیام ناگزیر ہے:سردار حسنین بہادر دریشک

چینی سرمایہ کاری وفد کا محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کا دورہ

لاہور :مقامی جانوروں کی پیداواری میں صلاحیت میں خاطر خواں اضافے کیلئے ایمبریو ٹرانسفر اور آئی وی ایف ٹیکنالوجیزسے لیس جدید لیبارٹریز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے محکمہ لائیو سٹاک ویٹرنری یو سی لاہور اور چین کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں پر مشتمل وفد کے درمیان مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چینی وفد میں رائل ڈیری گروپ، اورئینٹ کیپیٹل انویسٹمنٹ گروپ اور بوشان انویسٹمنٹ و ڈویلپمنٹ کمپنی شامل تھے۔

وفد کے شرکا ء نے پنجاب میں ڈیری و فوڈ پراسیسنگ بالخصوص بھینس کے دودھ سے بنے ملک پا ؤڈر اور پنیر کی کمرشل بنیادوں پر تیار ی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان نے تین نکاتی تجاویز کے تحت ایمبریو ٹرانسفر لیبارٹریز، سیمن پروڈکشن یونٹس اور ڈیری پروسیسنگ ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر پنجاب نے چینی کمپنیوں کی جانب سے لائیوسٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے نہایت مستحکم تعلقات ہیں اور سی پیک منصوبہ کے تحت دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زراعت و لائیوسٹاک میں تحقیق کے شعبہ میں تعاون کی بھی اشد ضرورت ہے۔ بھینس کی پیداواری صلاحیت میں بہتری کے لیے چینی ماہرین کی تجاویز سے  مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔اس موقع پر وائس چانسلر ویٹرنری یونیورسٹی لاہور نے وفد کی جانب سے طلباء، اساتذہ اور ماہرین کے ایکسچینج پروگرام کی تجویز کو سراہا۔