نئے ٹیلنٹ سے تینوں فارمیٹ کیلیے موزوں بیٹرز اور بولرز تلاش کریں گے، رمیز راجہ 

نئے ٹیلنٹ سے تینوں فارمیٹ کیلیے موزوں بیٹرز اور بولرز تلاش کریں گے، رمیز راجہ 

لاہور (سپورٹس ڈیسک):  پاکستانی بیٹنگ میں جان ڈالنے کیلیے پاور ہٹرز کی تلاش ہوگی چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نئے ٹیلنٹ سے تینوں فارمیٹ کیلیے موزوں بیٹرز اور بولرز تلاش کریں گے۔ ان کے مطابق مجموعی طور پر پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری نظر آگئی،کرکٹرز میں فائٹنگ اسپرٹ دکھائی دے رہی ہے، فٹنس سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا،عروج تک پہنچنے کیلیے انقلابی اقدامات اٹھانا ہیں، پچز میں بہتری لائے بغیر بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں مسائل پر قابو نہیں پایا جاسکتا،آسٹریلوی کیوریٹر کی مدد سے اس شعبے میں کام کریں گے۔

کلبز کیلیے بھی پچز تیار کی جا رہی ہیں،لاہور، کراچی اور ملتان میں اسٹیڈیمز سے ملحقہ 70،70کمرے بنارہے ہیں،اس سے پی ایس ایل کا دیگر شہروں میں بھی میلہ سجانے میں آسانی ہوگی،ایف ٹی پی میں 2 طرفہ مقابلوں کے بجائے ٹرائنگولر سیریز کو ترجیح دیں گے،ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز کے انعقاد میں بھی بھرپور دلچسپی ہے۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں چیئرمین رمیز راجہ نے کہاکہ نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے 100نوعمر کرکٹرز کو وظائف دیے گئے، بورڈان کی تعلیم کا خرچ بھی اٹھارہا ہے۔

ان میں سے پاور ہٹرز،تینوں فارمیٹ کیلیے موزوں بیٹرز اور بولرز تلاش کریں گے،بتدریج ہمارے پاس کرکٹرز کا ایک بڑا پول میسر ہوگا جس سے قومی ٹیموں کی ضروریات پوری کرنا آسان ہوجائے گا،جونیئر سپر لیگ سے بھی ٹیلنٹ حاصل ہوگا،انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ گئی،ٹیم میں ٹیلنٹ اور قیادت نظررہی ہے،ہم نے بابر اعظم کو فیصلوں کا پورا اختیار دیا تھا کہ کھل کر فیصلے کریں اس کے مثبت اثرات بھی نظر آرہے ہیں، کپتان اپنے ساتھی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہیں ، دوسری جانب پلیئرز بھی ان پر بھروسہ کرتے اور انھیں عزت دیتے ہیں۔