قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا

قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10 بجے ہوگا

اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس کل (ہفتہ 9 اپریل کو) صبح ساڑھے 10 بجے ہو گا۔ قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق رواں شیڈول کے مطابق کل (ہفتے کو) قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا، علیحدہ سے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا جائے گا۔

ذرائع قومی اسمبلی نے بتایا کہ قومی اسمبلی اجلاس کا ایجنڈا آج کچھ دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ کے قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کے فیصلے کی مصدقہ کاپی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہو چکی ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ عدالتی فیصلے کے مطابق اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

نوٹیفکیشن میں عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کا باقاعدہ حوالہ دیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن آج کسی بھی وقت جاری کر دیں گے۔ ذرائع قومی اسمبلی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی عدالتی فیصلہ بھجوا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اسپیکر کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتہ 9 اپریل صبح 10 بجے بلانے کا حکم دے رکھا ہے۔