پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے دوسری جی ای ایم بورڈ کمپنی کی لسٹنگ مکمل کرلی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے دوسری جی ای ایم بورڈ کمپنی کی لسٹنگ مکمل کرلی

کراچی۔ : پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)نے اپنے گروتھ انٹرپرائز مارکیٹ (جی ای ایم)بورڈ، میں یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ (یو این ایس)کی لسٹنگ کرتے ہوئے دوسر ی کمپنی کی بھی لسٹنگ مکمل کرلی۔ ای کامرس لاجسٹک سیکٹر میں یہ پہلی کمپنی ہے جس کا پی ایس ایکس، جی ای ایم بورڈ میں اندراج عمل میں آیا ہے۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جی ای ایم بورڈ ایک لسٹنگ پلیٹ فارم ہے جو ترقی پذیر انٹر پرائزز، چاہے وہ چھوٹے، درمیانے یا گرین فیلڈ بزنس کی صورت میں ہوں،انہیں سہولت کی فراہمی اور کاروباری سرمایہ بڑھانے کی ضروریات کے لیے بنایا گیا ہے۔جی ای ایم بورڈ میں دوسری لسٹنگ کا افتتاح کرنے اور تجارتی دن کے آغاز کے لیے ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

تقریب میں پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان،یو این ایس کے چیئرمین، عارف الہی؛ یو این ایس کے سی ای او، عمران بکساموسی؛ ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ کے سی ای او، محمد سہیل؛ سی ای او عارف حبیب لمیٹڈ، شاہد علی حبیب جبکہ پی ایس ایکس، یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ، ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور عارف حبیب لمیٹڈ سمیت شرکت کرنے والی تنظیموں کی اعلی انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔ٹاپ لائن سیکورٹیز لمیٹڈ اورعارف حبیب لمیٹڈ اس اِیشو کے مشترکہ ایڈوائزرز تھے۔

یو این ایس کے چیئر مین عارف الہی اور وسیم اکرم، یو این ایس کے اینکر شیئر ہولڈر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پی ایس ایکس کی جانب سے تقریب کے دوران مہمان خصوصی اور چار شریک تنظیموں،ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ، عارف حبیب لمیٹڈ، یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ،کی سینئر انتظامیہ اور دیگر شرکا میں مومینٹوز تقسیم کیے گئے۔

تقریب میں موجود نمایاں مہمانوں میں کراچی میں چین کے قونصل جنرل لی بی جیان، کراچی میں جرمنی کے قونصل جنرل ہولگر زائیگلر اور عرفان صدیقی، صدر اور سی ای او، میزان بینک لمیٹڈ بھی شامل تھے۔یونیورسل نیٹ ورک سسٹمز لمیٹڈ یا بلیو ایکس ایک ایسی کمپنی ہے جو بنیادی لاجسٹکس، ای کامرس لاجسٹکس، ویئر ہائوسنگ اور متعلقہ ای کامرس اور لاجسٹکس آپریشنز میں خدمات سرانجام دیتی ہے۔ یو این ایس نے پی ایس ایکس، جی ای ایم بورڈ لسٹنگ کے ذریعے 445,705,000 روپے اکٹھے کرنے کا تخمینہ لگایا تھا۔