راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو الیکشن میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر مذاکرات سے انتخابات کا راستہ نہیں نکلتا تو صوبائی اسمبلیاں گرانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ حکومت کی پالیسی ہے کہ نہ خود کھیلیں گے اور نہ کسی کو کھیلنے دیں گے۔
مذاکرات سےالیکشن کاراستہ نہیں نکلتاتوصوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنےکےعلاوہ کوئی راستہ نہیںPDMعوام میں جانےکی پوزیشن میں نہیں فضل الرحمان الیکشن میں سب سےبڑی رکاوٹ ہےحکومت کی پالیسی ہےنہ کھیلیں گےنہ کھیلنےدیں گےساری پارٹیاں عمران خان کاراستہ روکنےکےلیےاکھٹی ہیں معیشت ہی قومی سلامتی ہے
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) December 8, 2022
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ساری جماعتیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے اکٹھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ہی قومی سلامتی ہے۔
ایک دوسرے ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ جس طرف حالات جارہےہیں حکمرانوں کےپاس بھی اسمبلی توڑنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ جس ڈارکومعیشت کا ارسطو بناکرپیش کیا، اس نےمعیشت کاجنازہ نکال دیا۔ نیوکلیئر پاور کے پاس پورٹ سے پیاز چھڑانے کے پیسے نہیں۔ جلد سنیں گےتنخواہ اور پنشن کےپیسےنہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویزالٰہی عمران خان کےکہنےپراسمبلیاں تحلیل کردینگے۔