لاہور کی پانچ تحصیلوں میں پولٹری یونٹس کی تقسیم

دیہی مرغبانی کا فروغ حیوانی لحمیات کی کمی پوری کرنے میں معاون ثابت ہو گا: ڈائریکٹر لائیو سٹاک لاہور

لاہور کی پانچ تحصیلوں میں پولٹری یونٹس کی تقسیم

لاہور : حلال گوشت کی پیداوار میں اضافہ نہ صرف لائیو سٹاک مصنوعات کو بڑھایا جا سکتا ہے بلکہ غذائی قلت پر بھی قابو پایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر لائیو سٹاک لاہور ڈویڑن ڈاکٹر نعیم کنور نے سول ویٹرنری ہسپتال ہربنس پورہ لاہور میں پولٹری یونٹس کی تقسیم کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے پروگرام برائے فروغِ دیہی مرغبانی کے تحت محکمہ لائیوسٹاک ضلع لاہور میں تحصیل کی سطح پر پولٹری یونٹس کی تقسیم کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران مجموعی طور پر 90 پولٹری یونٹس تقسیم کیے گئے۔

ہر یونٹ 12 نر مرغوں پر مشتمل تھا جن کی عمر 2 ماہ اور وزن 500 گرام تھا۔ اس چار سالہ ترقیاتی منصوبہ کے تحت صوبہ بھر میں 20 لاکھ پرندے تقسیم کیے جائیں گے جس کا مقصد مرغبانی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ حیوانی لحمیات کی کمی پورا کرنا اور لائیو سٹاک مصنوعات کی برآمدات سے محصولات کے حصول میں اضافہ کرنا ہے۔ سول ویٹرنری ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک لاہور ڈاکٹر زبیر باری سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔