مریم، بلاول کی مچھ میں تقاریر جلتی پر تیل ڈالنے کی کوشش ہیں: سبطین خان

وزیر اعظم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ۔ جلد لواحقین ے درمیان ہوں گے لاشوں پر سیاست قابل مذمت، اپوزیشن کوئی موقع نہیں چھوڑتی: صوبائی وزیر جنگلات

مریم، بلاول کی مچھ میں تقاریر جلتی پر تیل ڈالنے کی کوشش ہیں: سبطین خان

لاہور:صوبائی وزیر جنگلات سردار محمد سبطین خان نے سانحہ مچھ کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی کی باتوں میں نہ آئیں۔ حکومت جلد انہیں انصاف دلائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان   نے سانحہ مچھ کے مجرمان جلد از جلد کٹہرے میں لانے کی ہدایات کر دی ہیں اور سیکورٹی ادارے بھی اس ضمن میں متحرک ہو چکے ہیں۔ ان کے پیاروں کے قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کی لاشوں پر سیاست کے عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم اور بلاول کی مچھ میں تقاریر جلتی پر تیل ڈالنے کی کوشش ہیں۔

پہلے سے درد میں مبتلا لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی ناقابل معافی عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اپوزیشن منفی سیاست کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔  سانحہ مچھ پر اپوزیشن کی سیاست قابل مذمت ہے۔ اپوزیشن اپنی کرپشن بے نقاب ہونے کی سبکی مٹانے کیلئے عوام کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ اپنے مفادات کیلئے معصوم اور سادہ لوح لوگوں کے جذبات سے کھیلنا کسی بھی طرح سے پیشہ ورانہ سیاست نہیں۔ عوام، دکھ بانٹنے اور سیاست کرنے کا فرق بخوبی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیگی و پی پی راہنما متاثرین کا دکھ بانٹنے نہیں، وزیراعظم کو نیچا دکھانے بلوچستان گئے۔ اپوزیشن لیڈران اگر واقعی متاثرین کی دلجوئی کیلئے گئے ہوتے تو دھرنے والوں کے ساتھ رات بھی گزارتے۔ سبطین خان نے کہا کہ میت والے گھر جا کر سیاسی الزام تراشیاں کسی بھی باشعور کو زیب نہیں دیتیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ سانحہ مچھ کے متاثرین کا دکھ ہمارا اپنا دکھ ہے۔ عمران خان جلد لواحقین کے درمیان ہوں گے۔