دریائے چناب پر تریموں بیراج پر ترقیاتی کام مکمل اور پنجند بیراج پر ترقیاتی کام تکمیل کےآخری مراحل میں ہے: محسن خان لغاری

دریائے چناب پر تریموں بیراج پر ترقیاتی کام مکمل اور پنجند بیراج پر ترقیاتی کام تکمیل کےآخری مراحل میں ہے: محسن خان لغاری

لاہور : صوبائی وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی پنجاب کے بیراجوں کی بحالی اور توسیع کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ دریائے چناب پر موجود تریموں بیراج پر سول ورکس سو فیصد مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ پنجند بیراج پر کام تیزی سے جاری ہے اور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ یہ بات وزیر آبپاشی محمد محسن خان لغاری نے محکمہ آبپاشی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے بتایا کہ پنجند بیراج پر سول ورکس 88 فیصد مکمل کر لئے گئے ہیں اور 2021 تک یہ پروجیکٹ مکمل ہو جائے گا۔ ان بیراجوں کی توسیع اور بحالی سے جنوبی پنجاب کی 1.74 ملین ہیکٹر اراضی کو 6 بڑی نہروں کے ذریعے آبپاشی کی بہتر سہولیات مل سکیں گی۔اوران منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی پنجاب کے سات اضلاع کے کل چھ لاکھ کسان گھرانے براہ راست مستفیض ہوں گے۔وزیر آبپاشی محسن خان لغاری نے کہا کہ صوبے کی کسانوں کی فلاح وبہبود کے منصوبے اس حکومت کی خصوصی ترجیحات میں شامل ہیں اور ان منصوبوں کے دوررس معاشی اور ذرعی اثرات مرتب ہوں گے۔