انگلینڈ یورو کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

انگلینڈ یورو کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

یورو کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ ڈنمارک کو 1-2 سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا۔ میچ کا فیصلہ اضافی وقت کے کھیل میں ہوا۔ انگلینڈ کا فیصلہ کن گول کپتان ہیری کین نے پنالٹی کک پر کیا۔

یورو کپ فٹبال میں دوسرا سیمی فائنل پہلے ہاف میں انتہائی سنسنی خیز رہا جب ڈنمارک کے ڈیمزگارڈ نے 30 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی۔ تاہم 39 ویں منٹ میں ڈنمارک کے سائمن کئیار نے اپنے ہی گول میں گیند پھینک کر اپنی ہی ٹیم کی برتری ختم کردی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں تابڑ توڑ حملے ہوئے مگر دونوں میں سے کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی۔ اضافی وقت کے 14ویں منٹ پر کپتان ہیری کین نے پنالٹی کک کے ری باونڈ پر گول کرکے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول کی برتری دلائی جو آخر وقت تک برقرار رہی۔

انیس سو چھیاسٹھ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انگلش ٹیم کسی بڑے فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ انگلینڈ بھر میں جشن کا سماں ہے جبکہ ڈنمارک میں فضا سوگوار ہوگئی ہے۔

یورو کپ میں اس سے پہلے انگلینڈ دو مرتبہ تیسری پوزیشن تک پہنچ پایا تھا۔ 1966 ورلڈ کپ کا فائنل بھی ویمبلے اسٹیڈیم میں انگلینڈ اور مغربی جرمنی کے درمیان کھیلا گیا تھا، جس میں انگلینڈ نے فٹبال کا پہلا ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ویمبلے اسٹیڈیم میں ہونے والے سیمی فائنل کو دیکھنے کے لئے 60 ہزار سے زائد شائقین موجود تھے۔یورو کپ کا فائنل اتوار کو انگلینڈ اور اٹلی کے درمیان ویمبلے اسٹیڈیم میں ہوگا۔