حارث سہیل انگلینڈکے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے

حارث سہیل انگلینڈکے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے

اسلام آباد :قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ گذشتہ روز کئے جانے والے ایم آر آئی سکین میں انکشاف ہوا ہے کہ مڈل آرڈر بیٹسمین گریڈ تھری ٹیئر کا شکار ہیں۔

وہ گزشتہ ہفتے ڈربی میں ایک پریکٹس سیشن کے دوران اس انجری کا شکار ہوئے تھے۔ پی سی بی کے میڈیکل پینل کے مطابق حارث سہیل کو بحالی صحت کے لئے چار ہفتے کا وقت درکار ہے ،جسے مکمل کرنے پرمڈل آرڈر بیٹسمین کی انجری کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے لئے قومی سکواڈ میں منتخب ہونے والے حارث سہیل اب وطن واپس پہنچ کر نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اپنے ری ہیب پروگرام کا آغاز کریں گے۔

حارث سہیل کا کہنا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی سیریز میں متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرکےقومی کرکٹ ٹیم میں اپنی جگہ مستقل بنانے کے منتظر تھے تاہم انجری کے باعث انہیں اپنا دورہ مختصر ہونے پر افسوس ہے مگر اب وہ لاہور واپس پہنچ کر اپنے ری ہیب پروگرام کاآغاز کردیں گے تاکہ وہ ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کے لیے خود کو تیار کرسکیں۔

پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی ۔ قومی سکواڈ 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگا، جہاں اسے 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز میں شرکت کرنا ہے