’مالک میرے پیارے بھائی دلیپ کمار کو جنت نصیب کرے‘، دھرمیندر

’مالک میرے پیارے بھائی دلیپ کمار کو جنت نصیب کرے‘، دھرمیندر

ممبئی: بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر  بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ دلیپ کمار کو آخری بار دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان  کا چہرہ ہاتھوں  میں لیے روتے رہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے ’شہنشاہ جذبات‘ دلیپ کمار گزشتہ روز دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کو اداس چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سنتے ہی شاہ رخ خان، دھرمیندر، ودیا بالن اور کرن جوہر سمیت  بالی ووڈ  کی مشہور شخصیات ان کے گھر پہنچیں جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت دونوں جانب کی مشہور شخصیات نے ان کے  انتقال کی خبر سن کر افسوس کا اظہار کیا۔بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر بھی دلیپ کمار کو آخری بار دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کا چہرہ ہاتھوں میں لے کر روتے رہے۔ دھرمیندر نے دلیپ کمار کے ساتھ اپنی آخری تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’سائرہ نے جب کہا دھرم دیکھو صاحب نے پلک جھپکی ہے جان نکل گئی میری۔ مالک میرے پیارے بھائی کو جنت نصیب کرے.