وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کا راولپنڈی سٹیشن و ریلوے ہسپتال کا دورہ،شجرکاری مہم کا آغاز کیا

وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کا راولپنڈی سٹیشن و ریلوے ہسپتال کا دورہ،شجرکاری مہم کا آغاز کیا

راولپنڈی :وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم خان سواتی نے کہاہے کہ آئندہ نسلوں کو آلودگی سے پاک شفاف ماحول کی فراہمی کے لیے کلین اینڈ گرین پاکستان وژن پر عمل درآمد جاری ہے ،وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ٹین بلین سونامی ٹری منصوبے کے تحت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری جاری ہے ،زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی بدولت ہم کلین اینڈ گرین پاکستان کا خواب پورا کرسکتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو ریلوے ہسپتال راولپنڈی اور راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر پودے لگا کر ریلوے کی مون سون شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ شجرکاری مہم میں ہر شہری کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اور ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا ۔قبل ازیں وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے ریلوے ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا اور وہاں زیر علاج مریضوں کی عیادت کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ریلوے ہسپتال انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو ہسپتال میں ریلوے ملازمین کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہسپتال میں موجود سہولیات کی آسان فراہمی کی ہدایت کی اور کہاکہ ریلوے ہسپتال میں مریضوں کو سہولیات کی فراہمی بارے کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی ۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے راولپنڈی ڈویژن انعام اللہ محسود نے وفاقی وزیر کوبتایا کہ ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے قبل ازیں بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران بھی ہدف سے زائد پودے لگائے اور اب مون سون شجرکاری مہم کے دوران بھی خالی جگہوں کی نشاندہی کے بعد باضابطہ شجرکاری کا آغاز کردیا گیاہے اور جاری شجرکاری مہم کے دوران بھی مقررہ ہدف کے حصول کے لیے افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں ۔ اس موقع پرریلوے کے دیگر ڈویژنل افسران بھی موجود تھے