فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں 6 کنال اراضی پر اسپتال قائم ہوگا، عنصر مجید خان

پنجاب سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن اور کیلاش گروپ کے مابین ایم او یو پر دستخط

فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں 6 کنال اراضی پر اسپتال قائم ہوگا، عنصر مجید خان

لاہور:تحریک انصاف کی حکومت کے اڑھائی سالوں میں پونے دو لاکھ مزدروں کو سوشل سکیورٹی کارڈ فراہم کئے، مزدروں کے اہل خانہ کو 7 ارب کی ریلیف گرانٹس جاری کیں جبکہ  7 نئے سوشل سکیورٹی اسپتال قائم کئے گئے۔ سوشل سکیورٹی اسپتالوں میں ڈیڑھ کروڑ مریضوں کو علاج مہیا کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان نے پنجاب سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن اور کیلاش گروپ کے مابین اسپتال کیلئے زمین کی فراہمی کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 صوبائی وزیر لیبر نے سوشل سیکیورٹی ہسپتال کے قیام کے لئے قیمتی اراضی کی فراہمی پر کیلاش گروپ کے تعاون کو سراہا اور فیصل آباد کے ورکرز کو مبارکباددی۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں لیبر کالونی بھی قائم کی جائے گی جبکہ ورکرز کو مالکانہ حقوق کی فراہمی کے لئے بھی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیبر ڈپارٹمنٹ میں آٹومیشن کے ذریعے شفافیت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ محکمہ کی استعداد کار بڑھائی جا رہی ہے۔

محکمہ لیبر مزدروں کے حقوق کا محافظ ہے اور حکومتی پالیسیاں کا مرکز مزدوروں کی فلاح و بہبود ہے۔ حکومتی اقدامات مزدوروں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔  ڈائریکٹر کیلاش نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے اور ہسپتال کی تعمیر کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرایا جائے گا۔ فیصل آباد کے علاقے ملت ٹاؤن میں سواکروڑ روپے مالیت کی 6 کنال اراضی پر سوشل سیکیورٹی ہسپتال قائم کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں سوشل سیکیورٹی اور کیلاش گروپ کے مابین ایم او یو سائن کرنے کی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔صوبائی وزراء محمد اجمل چیمہ، میاں خیال احمد کاسترو، ڈویژنل کمشنر ثاقب منان، کمشنر سوشل سیکیورٹی سید بلال حیدر، ڈپٹی کمشنر محمد علی، ارکان اسمبلی راجہ ریاض احمد خاں، فردوس رائے، ڈائریکٹر کیلاش گروپ فرخ شمان، صدر چیمبر آف کامرس حافظ احتشام کے علاوہ صنعتکار، تاجر بھی موجود تھے۔