ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز پر خوشی ہے، کپتان جویریہ خان

ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کے آغاز پر خوشی ہے، کپتان جویریہ خان

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان کا کہنا ہے کہ بہت خوشی ہورہی ہے ویمنز انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز ہورہا ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ دورۂ جنوبی افریقہ سے قبل ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان جویریہ خان نے کہا کہ اس سیریز سے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں مدد ملے گی ۔ جویریہ خان نے کہا کہ غیر ملکی کوچ کی نگرانی میں اچھی تیاری کی ہے، سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی ہیں ، 17رکنی اسکواڈ کافی ہے ،دورہ مختصر ہے اس لئے بڑے اسکواڈ کی ضرورت نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ کپتانی کا اضافی پریشر نہیں، صرف ذمہ داری بڑھ جاتی ہے،بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کی اچھی تیاری کی ہے۔ جویریہ نے کہا کہ ٹیم میں بسمہ معروف کی کمی محسوس ہوگی ، سینئرکا کوئی متبادل نہیں ہوتا ۔ ان کاکہنا تھا کہ ویمنز کرکٹ لیگ بھی ہونی چاہیے، پی سی بی اس پر کام کر رہا ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 11جنوری کو جوہانسبرگ روانہ ہوگی ۔