سیلابی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ انسپکشن کمیٹیوں کو چوکس کر دیا گیا : راجہ راشد حفیظ

ندی نالوں کی مکمل صفائی کر کے بارشی پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تمام متعلقہ محکمہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں

سیلابی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ انسپکشن کمیٹیوں کو چوکس کر دیا گیا : راجہ راشد حفیظ

لاہور : کورونا کنٹرول و مانیٹرنگ ضلع راولپنڈی کے انچارج صوبائی وزیر خواندگی وغیررسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران شہروں میں سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ انسپکشن کمیٹیوں کو چوکس کر دیا گیا ہے جبکہ ندی نالوں کی مکمل صفائی کر کے بارشی پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تمام متعلقہ محکمہ کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔راولپنڈی شہر میں نالہ لئی سمیت اس میں گرنے والے تمام نالوں کی ڈی سلٹنگ کا کام تیز کر دیا گیا ہے۔

شہریوں پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سیوریج لائنوں میں پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے عوامل کا سبب نہ بنیں اور برسات کے دوران پانی کی نکاسی اور صفائی میں متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کر کے سیلاب کے نقصانات اور وبائی امراض سے محفوظ رہیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر سید پورروڈ میں مختلف یونین کونسلوں سے تعلق رکھنے والے معززین سے ان کے مسائل معلوم کرنے کے لئے منعقدہ کھلی کچہری کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔لوگوں نے صوبائی وزیر کوواٹر سپلائی اور دیگر ترقیاتی کاموں کے بارے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ یونین کونسل کے عوامی نمائندگان اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور عوام کے ان مسائل کے حل کے لئے کام ہو رہا ہے۔انہوں نے بجلی کی سپلائی میں تعطل کے حوالے سے بھی لوگوں کو درپیش معاملات کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے ٹیلی فون پر بات کر کے مسائل حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اسی طرح بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے بھی راجہ راشد حفیظ نے متعلقہ ذمہ داران کو زیادہ توجہ دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے کہ عام لوگوں کی زندگی میں آسانیاں لائی جائیں اور اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور اضلاع و تحصیل کی متعلقہ انتظامی مشینری پورے خلوص اور توجہ سے کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا بھی صوبائی حکومت نے نوٹس لیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر کے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیروٹالرینس کی پالیسی پر فوری عمل کیا جائے تاکہ عوام الناس کو آٹا اور دیگر اشیائے خوردونوش سستے داموں مل سکیں۔