پانچ لاکھ نوجوانوں کو سکلز سکالرشپ دی جائے گی، نوجوانوں کے لئے قرضہ کی حد بڑھا کر 20 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے کی جا رہی ہے، کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے، عثمان ڈار

پانچ لاکھ نوجوانوں کو سکلز سکالرشپ دی جائے گی، نوجوانوں کے لئے قرضہ کی حد بڑھا کر 20 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے کی جا رہی ہے، کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے، عثمان ڈار

اسلام آباد :وزیر اعظم کےمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ 5 لاکھ نوجوانوں کو سکلز سکالرشپ دی جائے گی، کامیاب جوان پروگرام میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے، ہمیں نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے کے ساتھ ساتھ اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کو نیشنل یوتھ کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں ۔ ہر سال 20 لاکھ نوجوان جاب مارکیٹ میں آتے ہیں۔

ان کے لئے روزگار پیدا کرنا بڑا چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نجی شعبہ کو سہولیات دے کر اور کاروبار میں آسانیاں پیداکرکے ملازمتوں کے مواقع پیدا کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر 5 لاکھ سے اڑھائی کروڑ روپے تک کے قرضے دیئے گئے۔ ان نوجوانوں کے خاص آئیڈیاز تھےلیکن وہ مالی مشکلات کے باعث اپنا کاروبار نہیں کر سکتے تھے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں پر اعتماد کیا ہے۔ ماضی میں نوجوانوں کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے قرضہ کی حد بڑھا کر 20 لاکھ روپے سے 5 کروڑ روپے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہائی ٹیک سمیت مختلف شعبوں میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو سکلز سکالرشپ دی ہے۔ اس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اس سکالر شپ کو 5 لاکھ نوجوانو ں تک بڑھایا جائے۔ صرف ہائی ٹیک کے شعبہ میں 50 ہزار نوجوانوں کو سکالر شپس دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور اس پر 50 ارب روپے خرچ کئے تاہم موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو برسر روزگار بنانے اور بااختیار بنانے کے لئے مصنوعی ذہانت ، سائبر سکیورٹی سمیت دیگر شعبوں میں تربیت دی ہے جس سے ان کے لئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ماضی میں قوم کا پیسہ ذاتی تشہیر پر خرچ کیا گیا۔ موجودہ حکومت سوچ سمجھ کر قوم کا پیسہ خر چ کررہی ہے۔

کفایت شعاری پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک دوروں پر کم سے کم پیسے خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں شریک کیا جا رہا ہے۔ نیشنل یوتھ کونسل کے مختلف ورکنگ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں جو مختلف شعبوں کے حوالے سے کام کریں گے۔ یہ اراکین نوجوانوں کے نمائندے ہیں اور ان کے مسائل کو اجاگر کریں گے۔