صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی کی ملاقات

صوبے میں سرمایہ کاری، انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری اور صنعتی زونز کے ترقیاتی امور پر بات چیت صنعتی زونز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے، صوبائی وزیر کی ہدایت

 صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال سے چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی کی ملاقات

لاہور : صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں چیئرمین پیڈمک سید نبیل ھاشمی نے ملاقات کی۔ جس میں صوبے میں سرمایہ کاری، انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری اور صنعتی زونز کے ترقیاتی امور پر بات چیت کی گئی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ھے کہ کرونا سے متاثرہ لڑکھڑاتی معیشت کو سہارا دینے کے لئے نئی سرمایہ کاری لانا وقت کی ضرورت ہے۔ صنعتکاری کے عمل کو تیز کرکے اقتصادی سرگرمیوں کو بڑھانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے صنعتی زونز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

میاں اسلم اقبال نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری سے ہی معاشی ترقی کے اھداف حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ کرونا وبا کے باعث معیشت کے متاثر ہونے سے غربت بڑھنے کا خدشہ ہے۔ حکومت نے معاشی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے صنعتوں کو مرحلہ وار کھولا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو صنعتی مراکز میں نئے صنعتی یونٹس لگانے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ مینجمنٹ کمپنی پوری طرح متحرک ہو کر کام کر ے اور سرمایہ کاروں کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔