صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کا گرین ٹاﺅن کا دورہ

ایم پی اے سعدیہ سہیل کے ہمراہ مسیحی برادری میں ماہانہ راشن اور لنگر تقسیم کیا

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کا گرین ٹاﺅن کا دورہ

لاہور:  صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین دیگر فلاحی تنظیموں کے ہمراہ کورونا سے نمٹنے کےلئے مستحق افراد کی مدد کے لئے دن رات کوشاں ہیں اور اسی ضمن میں گزشتہ روز بھی دیہاڑی دار طبقہ بالخصوص مسیحی برادری میں راشن اور لنگر تقسیم کرنے کی غرض سے ایم پی اے سعدیہ سہیل ، چیئرمین یوتھ فاﺅبڈیشن حمزہ کرامت کے ہمراہ گرین ٹاﺅن لاہور پہنچے جدھر انہوں نے اللہ والے ٹرسٹ کے منتظمین کی وساطت سے ایک لنگر خانہ میں مستحقین افراد میں لنگر تقسیم کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے اپنے ہاتھوں سے مزدور طبقہ بالخصوص مسیحی برادری میں لنگر تقسیم کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجا ب بھر میں قائم تمام فلاحی اداروں کا جذبہ قابل دید ہے تاہم اللہ والے ٹرسٹ کی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے آتے ہی سفید پوش طبقہ میں راشن تقسیم کرنے پر زور دیا کیونکہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ،مزدور وغیرہ سخت پریشان تھے، یہاں اللہ والے ٹرسٹ کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرنا ہوگا کہ کیسے مصیبت کی اس گھڑی میں بھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی دن رات نگرانی کر رہے ہیں جبکہ تمام صوبائی وزراءاپنے اپنے حلقوں میں مصروف خدمت ہیں تاہم پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جارہا ہے ،جس سے اس وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جا سکے تاہم عوام الناس سے اپیل ہے کہ اپنی اور معاشرے کی بہتری کیلئے انفرادی سطح پر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں ۔اس موقع پر ایم پی اے سعدیہ سہیل نے کہاکہ امن ،محبت اور باہمی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے کہ اللہ والے ٹرسٹ کیجانب سے مذہب،ذات پات اور فرقوں وغیرہ کی تفریق کیئے بغیر محض انسانیت کی خدمت کو اپنا عزم بنایا ہوا ہے ۔

یوتھ فاﺅنڈیشن کے حمزہ کرامت نے بھی فلاحی ادارے کی کاوشوں کو سراہا اور منتظمین میں شامل نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی ۔ناظم اللہ والے ٹرسٹ شاہد نعیم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ لنگر خانہ سے قبل قرنطینہ سینٹرز میں سحری اور افطاری کا انتظام کیاجا رہا ہے جبکہ مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ میں راشن وغیرہ کی تقسیم کا عمل بھی جاری ہے تاہم اس کار خیر میں پنجاب حکومت کے شانہ بشانہ چل رہے ہےں اور یقین دلاتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہےگا ۔ صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ ضرورت مندوں کی امداد کیلئے اپنا ہرممکن کردار ادا کریں اور حکومت پنجاب کا ساتھ دیں۔