اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی گوجرانوالہ ڈویژن کا بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد

 بیرون ملک بسنے والے ہم وطنوں کے جملہ مسائل کا حل پنجاب حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شوکت علی

اوور سیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی ڈسٹرکٹ اوور سیز پاکستانیز کمیٹی گوجرانوالہ ڈویژن کا بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد

 لاہور: ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شوکت علی کی زیر صدارت آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن (او پی سی) پنجاب کی گوجرانوالہ ڈویژن کی ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں مجموعی طور پر 2557 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1880 کا ازالہ کیاجا چکا ہے۔ جس کی شرح 74فیصد بنتی ہے۔

اسی طرح اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی پورٹل پر موصول ہونے والی 19970 شکایات میں سے 12223 شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے جس کی مجموعی طور پر شرح 61 فیصد ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شوکت علی نے کہا کہ کمیشن کی کارکردگی قابل ستائش ہے اور جس طرح اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے جلد ازالہ کو ممکن بنایا جا رہا ہے وہ بھی باعث اطمینان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے ہم وطنوں کے جملہ مسائل کا حل پنجاب حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اوراو پی سی کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ وائس چیئرپرسن او پی سی چوہدری وسیم اختر اور ڈی جی او پی سی نائلہ باقر نے کمیشن کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے جس کے تحت ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے برق رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کا او پی سی کی قابل فخر کارکردگی پر اعتماد ہی کامیاب حکومتی پالیسوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے کمیشن کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پربھی تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے آگاہ کیا کہ کمیشن نے گذشتہ 18 ماہ کے قلیل عرصے میں 6013 سے زائد شکایات کا ازالہ کیا جبکہ 7 ارب سے زائد کی پراپرٹی واگذار کرائی ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شوکت علی نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے مطابق اوور سیز پاکستانیوں کی شکایات حل کرنے کے ضمن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو تعریفی اسناد دی جائے گی جبکہ کارکردگی خراب ہونے کی صورت میں افسران کے خلاف انضباطی تا دیبی کاروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ، چیئرپرسنز ڈی او پی سی، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز سمیت او پی سی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔