حکومت عام آدمی کیلئے دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو شش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی: راجہ راشد حفیظ

عوام الناس کیلئے چینی اور دیگر اشیاء پر دی جانے والی سبسڈی سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے مافیاؤں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا

حکومت عام آدمی کیلئے دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو شش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی: راجہ راشد حفیظ

لاہور: صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ عوام الناس کیلئے چینی اور دیگر اشیاء پر دی جانے والی سبسڈی سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے مافیاؤں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور حکومت عام آدمی کیلئے دی جانے والی اربوں روپے کی سبسڈی پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو شش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے یہ بات یونین کونسل 19 میں رانا سیف اللہ سیفی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی جانے والی ٹی پارٹی اور مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ماضی میں حکومت کی جانب سے عوام الناس کو دیا جانے والا ریلیف ناجائز منافع خوروں اور حرام خوروں کی جیبو ں میں جاتا رہا ہے مگر اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے۔

وفاق اور پنجاب حکومت نے مہنگائی کے خلاف عوام کو جو ریلیف دیا ہے اسے ہم لازمی طور پر عوام تک ہی پہنچائیں گے۔ انہوں نے یوٹیلٹی سٹورز کی سستی اشیائبالخصوص چینی کی نجی سٹوروں میں منتقلی پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز اور حرام مال جمع کرنے والے بے رحم مافیاؤں نے جس طرح بے رحمی سے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی ہے اسی بے رحمی کے ساتھ حکومت ان سے نمٹے گی۔ راجہ راشد حفیظ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چینی ذخیرہ کئے گئے نجی سٹوروں پر چھاپے مارنے کے عمل پر متعلقہ افسران کو شاباش دی اور کہا کہ عوامی حق پر ڈاکے ڈالنے والے مافیاز اور ان کے ساتھ ملے ہوئے سرکاری ملازمین ناقابل رحم ہیں جنہیں سخت سے سخت سزائیں دے کر دوسروں کیلئے عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر جنہیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے خاص طور پر ضلع چکوال میں عوامی بہبود کے امور کا انچارج مقرر کیا ہے، نے کہا کہ چکوال کے عوام کو بھی ناجائز منافع خوروں اور دیگر استحصال کرنے والوں سے محفوظ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کو پہلے سے زیادہ فعال و متحرک کر دیا گیا ہے۔دریں اثناء راجہ راشد حفیظ نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کے والد گرامی کی رحلت پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے صداقت علی عباسی اور دیگر اہل خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر جمیل کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے مقامی روزنامہ کے چیف ایڈیٹر اور معروف صحافی زاہد فاروق ملک کی والدہ ماجدہ کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت کرے اور پسماندگان یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق عنایت فرمائے۔

٭٭٭٭٭