رمضان المبارک کے حوالے سے صوبے بھر میں 313 رمضان بازار لگائے جائیں گے: فیاض الحسن چوہان

بزدار حکومت رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی: وزیر جیل خانہ جات پنجاب

رمضان المبارک کے حوالے سے صوبے بھر میں 313 رمضان بازار لگائے جائیں گے: فیاض الحسن چوہان

لاہور: وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بزدار حکومت رمضان المبارک میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ چینی اور آٹے کی گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں چینی کی 85 روپے فی کلو پر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ بزدار حکومت رمضان المبارک کے حوالے سے صوبے بھر میں 313 رمضان بازار لگائے گی جہاں عوام کو دس کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے میں مہیا کیا جائے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ رمضان بازاروں میں قائم زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں 2018 کے ریٹس پر دستیاب ہونگی۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے تقریباً آٹھ ارب کے ریکیف پیکج کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر اٹک کی تحصیل حضرو کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے رمضان بازار، تحصیل میونسپل کارپوریشن، ٹی ایچ کیو ہسپتال، اراضی سنٹر سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اے ڈی سی (جی) اسد اللہ خان اور اسسٹنٹ کمشنر شگفتہ جبین نے رمضان میں قیمتیں کنٹرول کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار عوامی فلاح کے لیے کوشاں ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ کی قیمتوں سے زائد منافع وصول کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔