چھانگا مانگا جنگل میں ”ٹائیگر فورس پلانٹیشن ڈے“بھرپور طریقے سے منایا گیا‘14ہزار پودے لگائے گئے

درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو ماحول کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں‘ٹائیگر فورس کے جوانوں کیساتھ ملکر ضلع بھر میں بھرپور شجرکاری کی جائیگی‘صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، ضلعی کوارڈنیٹر ٹائیگر فورس ندیم ہارون اور ڈپٹی کمشنر منظر جاوید علی کی چھانگا مانگا جنگل میں ”ٹائیگر فورس پلانٹیشن ڈے“کے موقع پر گفتگو

چھانگا مانگا جنگل میں ”ٹائیگر فورس پلانٹیشن ڈے“بھرپور طریقے سے منایا گیا‘14ہزار پودے لگائے گئے

لاہور:.صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) سردار محمد ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ درخت کسی بھی ملک کا قابل قدر اور قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں جو معاشی اور ماحولیاتی حالت کو بدلنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں‘مون سون شجرکاری مہم ہمارے ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے میں مددگار ثابت ہوگی اور آنیوالی نئی نسلوں کو سر سبز و صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا‘پودے ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں،ملک بھر میں ٹائیگر فورس کے تعاون سے شجر کاری مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چھانگا مانگا جنگل میں ”ٹائیگر فورس پلانٹیشن ڈے“کے موقع پر پودا لگانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد کاشف ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز قصور انعم زید، پتوکی آصف علی ڈوگر، کوٹ رادھاکشن نازیہ موہل،ضلعی کوارڈینیٹر ٹائیگر فورس قصور محمد ندیم ہارون، کوارڈینیٹر زٹائیگر فورس تحصیل قصور مہر محمد شبیر، چونیاں وقاص باقر، پتوکی محمد شکر باری، کوٹ رادھا کشن سید ظہیر الحسن شمسی، چیئر مین ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانی کمیٹی چوہدری مختار احمد، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری اسرار احمد انجم،ڈی او فارسٹ چھانگا مانگا رانا شاہد تبسم، ٹائیگر فورس کے جوانوں، سرکاری محکموں کے افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر تمام شرکاء اور ٹائیگر فورس کے جوانوں نے پودے لگائے اور ملکی سلامتی و ترقی اور شجر کاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ شہری اپنے گھروں،زمینوں اور دفاتر وغیرہ میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ ماحولیاتی تغیر ہم سب کا مسئلہ ہے۔آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس دن کی بدولت موسم پر انتہائی دور رس اثرات مرتب ہونگے اور خاص طور پر شدید گرم موسم میں درجہ حرارت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ضلعی کوارڈینیٹر ٹائیگر فورس محمد ندیم ہارون نے ٹائیگر فورس کے جوانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹائیگر فورس کے جوانوں کیساتھ ملکر ضلع بھر میں گرین بیلٹس، پارکوں، ہسپتالوں، سکولوں، کالجوں، نہروں کے کناروں، پرائیویٹ اور سرکاری زمینوں پر بھرپور شجرکاری کی جائیگی اور ضلع کو سر سبز، صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا قومی فریضہ ہی نہیں، سماجی اور مذہبی اقدار میں بھی شامل ہے۔ڈپٹی کمشنر قصور منظر جاوید علی کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے مقرر کردہ ٹارگٹ کے مطابق ضلع قصور میں آج کے روز چھانگا مانگا جنگل میں ٹائیگر فورس کے جوانوں کیساتھ ملکر تقریبا 14ہزار پودے لگائے گئے ہیں اس کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کو پودے لگانے کا ٹارگٹ فکس کر دیا گیا ہے جس کے تحت وہ اپنی اپنی سطح پر شجر کاری کرینگے اور انکی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

٭٭٭٭