قتل کی سنگین واردات میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار

ملزم چوہدراہٹ کے معاملے پر دیہاڑے سر ِعام شہری پر اندھا دھند فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گیا تھا

 قتل کی سنگین واردات میں ملوث خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار

لاہور(دانش خان ) لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے قتل کی سنگین اور لرزہ خیز واردات میں ملوث مطلوب اشتہاری ملزم زین کو گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی واضح ہدایات کی روشنی میں انویسٹی گیشن پولیس لاہورجرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے دن رات سرگرم ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر کی تشکیل کردہ سپیشل ٹیم نے ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) علی بن طارق کی سربراہی میں انویسٹی گیشن پولیس مناواں نے کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے شہری وسیم کو قتل کرنے والے ملزم زین کو گرفتار کر لیا ہے۔

ملزم دیرینہ دشمنی پر دن دیہاڑے سرِعام مناواں کے علاقے چوک تلواڑہ میں شہری وسیم کوشدید زخمی کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ شہری وسیم چند روز سروسز ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔ملزم زین اور مقتول وسیم کے درمیان علاقے میں چوہدراہٹ کے معاملے پر  عداوت چل رہی تھی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن محبوب رشید میاں نے قتل کی واردات میں ملوث اشتہاری ملزم کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔