بھارت کی مودی سرکار نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر دی، میاں اسلم اقبال

دنیا کرونا سے لڑ رہی ہے، بھارت کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہا ہے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بھارتی مظالم پر خاموشی افسوس ناک ہے، صوبائی وزیر

بھارت کی مودی سرکار نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر دی، میاں اسلم اقبال

لاہور: صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کی مودی سرکار نے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کی انتہا کر دی ہے۔ دنیا کرونا سے لڑ رہی ہے، بھارت کشمیریوں کے خون سے ہاتھ رنگ رہا ہے۔ میاں اسلم اقبال نے آج یہاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی بھارتی مظالم پر خاموشی افسوس ناک ہے۔ بھارت اپنے جمہوری حق کے لئے آواز بلند کرنے والے نہتے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ بھارتی قابض افواج کے انسانیت سوز مظالم کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتے۔

ہٹلر نما مودی کا کوئی جبر اور ظلم کا ہتھکنڈا کشمیریوں کو جھکا نہیں سکتا۔ کشمیری اپنے حق خود ارادیت کی عظیم جدوجہد کے راستے میں آنے والی ہر دیوار گرادیں گے۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری اپنی منزل پالیں گے۔ دنیا کی بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت کا انتہا پسند چہرہ بے نقاب ہوچکاہے۔ عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم رکوانے کیلئے خاموشی توڑے اور اپنا کردار ادا کر ے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان پر حملے کی دھمکیاں دینے کی بجائے اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دے، بھارت میں بسنے والی اقلیتوں اور کشمیریوں پر مظالم بند کر ے۔ پاکستان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی تو ماضی کی طرح منہ کی کھانی پڑے گی۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج مکار دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔