غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں:فیصل حیات

وزیر اعظم کے کٹا بچاو اور کٹا فربہ پروگرام کے تحت غریب مویشی پال میں رقوم کی تقسیم

غذائی تحفظ کے ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں:فیصل حیات

لاہور : وزیر اعظم عمران خان کے کٹا بچاؤ اور کٹا فربہ پروگرام سے غریب مویشی پال کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ یہ بات مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک فیصل حیات نے ایک تقریب کے دوران کہی۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ میں محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مویشی پال حضرات میں کٹا بچاؤ اور کٹا فربہ پروگرام کے تحت چیک تقسیم کئے گئے۔کٹا بچاؤ پروگرام کے تحت ایک ماہ کی عمر تک کے کٹڑے رجسٹر ڈکئے جارہے ہیں اور فی کٹا 4000روپے سبسڈی کے طور پر رکھے گئے ہیں جبکہ کٹا فربہ پروگرام کے تحت ایک سے ڈیڑھ سال کے کٹڑے رجسٹرڈکئے جارہے ہیں اور فی کٹڑا سبسڈی 6500روپے ہے۔

امسال پنجاب میں مجموعی طور پر 80000کٹڑے رجسٹرڈ کئے جائیں گے اور 420ملین روپے کی خطیر رقم مویشی پال حضرات میں تقسیم کی جائے گی۔ مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک فیصل حیات جبوآنہ نے کہا کہ غذائی پیداوارمیں اضافہ اور معیشت کی بحالی حکومتی ترجیحات کاحصہ ہے اور لائیوسٹاک سیکٹر کی استعداد کار بڑھا کر نہ صرف ملکی غذائی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں بلکہ دودھ اور گوشت کی مصنوعات کو برآمد کرکے کثیر زر مبادلہ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس پروگرام سے منسلک مویشی پاک حضرات میں 1475000مالیت کے چیک تقسیم کئے۔ اس تقریب میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک فیصل آباد، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور محکمہ لائیوسٹاک کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔