صوبہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

صوبائی ورکنگ پارٹی کا اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کی شرکت

صوبہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

لاہو ر: پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 13ویں اجلاس میں روڈز و برجز اور اربن ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی4 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 4ارب 51 کروڑ 3لاکھ 42ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈینیشن جاوید لطیف، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن شاہد ادریس نے شرکت کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع سرگودھا میں بھیرہ بھلوال روڈ (لمبائی 24.80 کلومیٹر) کی تعمیر و مرمت، بہتری،کشادگی و بحالی (ترمیمی) کیلئے 82 کروڑ 82 لاکھ 58 ہزار روپے، ضلع منڈی بہاؤ الدین میں آمرا تا سہانا لوک روڈ (لمبائی 10.25 کلومیٹر، فیز I) کو دو رویہ کرنے کیلئے 64 کروڑ 4 لاکھ 78 ہزار روپے، راولپنڈی میں ٹیکسلا تا ہیوی مکینیکل کمپلیکس فاروقیہ روڈ (لمبائی 10.80 کلومیٹر) کو دو رویہ کرنے (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 38 کروڑ 64 لاکھ 21 ہزار روپے اور ضلع لاہور میں یو سی 99،100 اور 101 کے مرکزی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے 1 ارب 65 کروڑ 51 لاکھ 85 ہزار روپے شامل ہیں۔