نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا گیا.مہمان ٹیم دو ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچزکھیلے گی۔

نیوزی لینڈ  کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان میں مہمان ٹیم دو ٹیسٹ، آٹھ ون ڈے اور پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم دو مراحل میں پاکستان آئےگی۔

دسمبر کی 27 تاریخ سے 15 جنوری تک جاری رہنے والے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیمیں دو ٹیسٹ اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گی۔ دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں.

اس دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں.سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی جبکہ دوسرا 4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

مہمان ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان میں 10 وائیٹ بال میچز کھیلے گی۔ دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آئیں گی۔

دوسرے مرحلے کے ابتدائی چار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور 19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پانچواں ٹی ٹونٹی اور ابتدائی دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب 23، 26 اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے.دورے میں شامل آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز یکم، چار اور سات مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

چیف ایگزیکٹو نیوزی لینڈ کرکٹ ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا ہے کہ بلیک کیپس شدت سے دورہ پاکستان  کے منتظر ہیں۔  انٹرنیشنل کرکٹ میں  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے دو طرفہ تعلقات بہت پرانے ہیں اور دونوں بورڈز کے درمیان احترام کا رشتہ ہے۔

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے دورہ پاکستان نے انہیں تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے معیار اور چیلنج سےبخوبی آگاہ کررکھا ہے۔

ڈائریکٹرانٹرنیشنل پی سی بی نے بیان میں کہا کہ نیوزی لینڈ ایک بہترین ٹیم  ہے اور ان کے خلاف اپنے ہوم گراؤنڈ میں کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو بہت فائد ہوگا۔ ان بڑی ٹیموں کے خلاف کرکٹ کھیلنے سے پاکستان کو تمام طرز کی کرکٹ میں ٹاپ تھری پوزیشن  حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔