سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے چار ممالک کے سفارت خانوں میں کاونٹرز قائم کئے جا رہے ہیں،ملک محمد انور

ان کاونٹرز سے جائیداد سے متعلق مصدقہ کاغذات کا حصول ممکن ہو گا  وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں محکمہ مال پائیدار اور یکساں معاشی ترقی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے محکمانہ اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہے: صوبائی وزیر مال

 سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے چار ممالک کے سفارت خانوں میں کاونٹرز قائم کئے جا رہے ہیں،ملک محمد انور

 لاہور:صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کیلئے چار ممالک کے سفارت خانوں میں کاونٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔ جہاں سے جائیداد سے متعلق مصدقہ کاغذات کا حصول ممکن ہو گا۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں محکمہ مال پائیدار اور یکساں معاشی ترقی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے محکمانہ اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لئے امریکہ،برطانیہ،سعودی عرب،اور متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں میں خصوصی کاؤنٹر متعارف کروائے جار ہے ہیں جس سے وہ پاکستان آئے بغیر اپنی جائیداد سے متعلق مصدقہ کاغذات حاصل کر سکیں گے۔صوبائی وزیر ملک محمد انورنے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سفارتحانوں کے ذریعے زمین کے ریکارڈ مہیا کرنے کے لئے آن لائن سافٹ وئیر تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اِن اقدامات کا مقصد بیرون ممالک بسنے والے پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی ہے۔حکومت کے ان بے مثال اقدامات سے سمندر پار پاکستانیوں کو اپنی جائیداد سے متعلق مصدقہ کاغذات کے حصول کیلئے پاکستان آ کر پٹواریوں اوردیگر سرکاری اہلکاروں کے دفاتر پر خوار نہیں ہونا پڑے گا۔