ہائر ایجوکیشن سے منسلک تمام تعلیمی اداروں میں مذہبی اقلیتوں کے لئے 2فیصد کوٹہ مختص کیا جا چکا:صوبائی وزیر اقلیتی امور

مذہبی اقلیتوں کے لئے تمام تر بنیادی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں:اعجاز عالم آگسٹین 

لاہور : صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ2019میںمذہبی اقلیتوں کے ہونہار 5000 طلباءپنجاب اسکلز ڈیویلپمنٹ فنڈ ) PSDF) کے ذریعے مختلف فنی کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 60ملین کے اکنامک پیکیج کی مدد سے مذہبی اقلیتوں میں احساس محرومی کے خاتمے کےلئے مختلف تہواروں جیسا کہ کرسمس ،ہولی اور بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات منعقد کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی خصوصی کاوشوں سے اعلیٰ تعلیمی سرکاری اداروں میں اقلیتی طلبہ کےلئے داخلوں میں خصوصی کوٹہ کا اہتمام،غیر مسلم قیدیوں کےلئے سزاﺅں میں تخفیف/چھوٹ کے نظام کا اہتمام و جائزہ کاری،غیر مسلم طلبہ کےلئے لازمی اسلامیات مضمون کی جگہ اخلاقیات کے مضمون کا اہتمام و عملدرآمد،محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کی پنجاب نصاب سازی و ٹیکسٹ بورڈ میں موثر نمائندگی، اقلیتی نوجوانوں کےلئے خصوصی مہارتوں کے نظام(بذریعہ پنجاب سکل ڈیویلپمنٹ فنڈ)جیسے بہت سے بے مثال اقدامات کیئے جا چکے ہیں جبکہ مینارٹی ایجوکیشن اسکالرشپ کے تحت( میٹرک سے لیکر پی ایچ ڈی)05 سالہ پروگرام کے تحت سالانہ 25ملین کی رقم مختص کی گئی ہے ، جس سے لاکھوں طلباءمستفید ہورہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سرگودھا سے تعلق رکھنے والی مذہبی اقلیتوں کے ایک وفد سے نیو منسٹر بلاک کے دفتر میں ایک ملاقات کے دوران کیا ۔وفد نے پنجاب حکومت کی جانب سے مذہبی اقلیتوں کے لیئے کیئے جانیوالے تاریخی اقدامات پر صوبائی وزیر اعجاز عالم کو خراج تحسین پیش کیا اور صوبائی وزیر کو بتایا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی ویب سائٹ پر 02فیصد کوٹہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ امید ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مذہبی اقلیتوں میں ماضی کی حکومتوں کی عدم دلچسپی کی وجہ سے جنم لینے والی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے گا۔صوبائی وزیر اعجاز عالم نے کہاکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میںپنجاب بھر میں مینارٹی ایمپاورمنٹ پیکج کے تحت مذہبی اقلیتوں کے لئے فلیگ شپ پروگرام تاریخ رقم کرہا ہے جبکہ پنجاب بھر میں ہائر ایجوکیشن سے منسلک تمام تعلیمی اداروں میں مذہبی اقلیتوں کے لئے 2فیصد کوٹہ مختص کیا جا چکا ہے۔