ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ،صوبائی وزیر کا ملوث افراد کو فوری معطل کرنے کا حکم

محکمہ معاملہ کی انکوائری میں اینٹی کرپشن ڈ یپار ٹمنٹ سے مکمل تعاون کرے، انصر مجید خان

ورکرز ویلفیئر بورڈ میں مبینہ کرپشن کا معاملہ،صوبائی وزیر کا ملوث افراد کو فوری معطل کرنے کا حکم

لاہور:صوبائی وزیر محنت انسانی وسائل انصر مجید خان سے سیکرٹری لیبر عامر جان اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ انیس الرحمان نے منسٹر آفس میں ملاقات کی۔ سیکرٹری لیبر عامر جان نے لیبر ویلفیئر بورڈ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت بارے صوبائی وزیرکو آگاہ کیا۔ انصر مجید خان نے سیکرٹری لیبر کو ہدایت کی کہ کرپشن میں ملوث افراد کو فوری طور پر معطل کر کے معاملہ کی میرٹ پر انکوائری کروائی جائے اور انکوائری میں اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے فنڈز کو کرپشن کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔

محکمہ میں کرپٹ عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر محنت نے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ میں جاری آٹو میشن پروگرام پر ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ وہ واحد راستہ ہے جس سے ہم ادارہ کو کرپشن فری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری ورکر ز ریلفیئر بورڈ کو ورکرز کی گرانٹس کے زیر التوا کیسز کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔ انصر مجید خان نے سیکرٹری لیبر عامر جان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے مسائل کے حل اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اورمزدوروں کی فلاح وبہبود کے لئے شروع کئے گئے پروجیکٹس کو مقرر مدت میں مکمل کروایا جائے۔