جھنگ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا۔تریموں بیراج پر نئے پلوں کی تعمیر کا منصوبہ

تریموں بیراج پر حویلی اور تریموں سدھنائی لنک کینال پر نئے پلوں کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی: سیکریٹری آبپاشی پنجاب سیف انجم

جھنگ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا۔تریموں بیراج پر نئے پلوں کی تعمیر کا منصوبہ

لاہور:ضلع جھنگ کو جنوبی پنجاب کے علاقوں بھکر، لیہ اور رنگ پورسے ملانے والے تریموں بیراج پل پر ٹریفک کے بے ہنگم لوڈ کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک بلاک رہتی تھی جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ بے حد پریشانی کا شکار تھے۔ اہل علاقہ کی دیرینہ خواہش پرسیکرٹری آبپاشی پنجاب سیف انجم نے پی ایم او پنجاب بیراجز کو اس بیراج پر ٹریفک کو رواں رکھنے کے لئے تریموں سدھنائی لنک نہر اور حویلی مین لائن پر نئے پل تعمیر کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔جس پر عمل کرتے ہوئے  نئے  پلوں کی تعمیرکے لئے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔

صوبائی سیکرٹری آبپاشی سیف انجم نے کہا ہے کہ ضلع جھنگ کی عوام کے دیرینہ مطالبے پر نئے پلوں کی تعمیر کے اس منصوبے پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ جو کہ دو سال کی قلیل مدت میں تقریبا ً24کروڑ روپے لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ان پلوں کی تعمیر سے جھنگ اور رنگ پور کے درمیان ٹریفک بغیر کسی تعطل کے جاری رہ سکے گی۔ تریموں بیراج کے قریبی اضلاع کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لئے محکمہ آبپاشی تریموں بیراج کی وسعت و بحالی، نئے گیٹس کی تنصیبات اور نئے سیلابی بندوں کی تعمیر کا عمل مکمل کر چکا ہے۔بیراج کی  مغربی جانب رنگ پور کینال پر نیا پل پہلے ہی تعمیر کیا جا چکا ہے۔