پی ڈی ایم قیادت صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں: فیاض الحسن چوہان

 استعفے صرف سوشل میڈیا پر آ رہے ہیں، اسپیکر کی میز پر نہیں:وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب

پی ڈی ایم قیادت صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں: فیاض الحسن چوہان

لاہور :وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو دن سے پی ڈی ایم قیادت اسمبلیوں سے استعفوں پر شش و پنج کا شکار ہے۔ نواز شریف، بیگم صفدر اعوان اور مولانا فضل الرحمن کو استعفوں کی جلدی ہے جبکہ پیپلز پارٹی، ش لیگ اور دیگر پارٹیاں ہچکچا رہی ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا سب جانتے ہیں کہ استعفے دینے سے مولانا فضل الرحمن، نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان کا کچھ نہیں جاتا لیکن باقی پارٹیوں کے پلے کچھ نہیں بچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کے پلان بی اور سی کے حوالے سے سوال پر بھی پی ڈی ایم قیادت لاجواب نظر آئی کیونکہ پی ڈی ایم قیادت صرف اپنی کرپشن بچانے کے لیے ملک میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کے ریلو کٹوں اور پھٹیچر اراکین کے استعفے صرف سوشل میڈیا پر آ رہے ہیں، اسپیکر کی میز پر نہیں۔ استعفوں کے معاملے پر منتشر پی ڈی ایم عوام کو بے وقوف بنانے کا ڈرامہ بند کرے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعظم عمران خان ہمارے کپتان ہیں اور انکی ٹیم پاکستان ہے۔ وہ جانتے ہیں ملک کو موجودہ بحران اور مشکل حالات سے کیسے نکالنا ہے۔ پی ڈی ایم کی سازشیں وزیراعظم عمران خان کی منصوبہ بندی کو ناکام نہیں بنا سکتیں۔