واشنگٹن میں’ایکسپلور پاکستان‘ کے تحت ویبینار کا انعقاد

ویبینار سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر سمیت امریکامیں متعین سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے خطاب کیا، امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی چارج افئیرز انجیلا اگیلر نے بھی ورچوئل فورم میں شرکت کی

واشنگٹن میں’ایکسپلور پاکستان‘ کے تحت ویبینار کا انعقاد

واشنگٹن میں یو ایس پی بی سی کے زیر اہتمام ’’ پاکستان میں کاروباری ماحول کی بہتری اور صنعتی نمو کے فروغ “ کے موضوع پر ورچوئل سیریز ’ ایکسپلور پاکستانکے تحت ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ ویبینار سے وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر سمیت امریکامیں متعین سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے خطاب کیا، امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کی چارج افئیرز انجیلا اگیلر نے بھی ورچوئل فورم میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر محمد حماد اظہر نےکاروباری برادری کے اراکین کو پاکستان میں صنعتی نمو کے فروغ کے لیے بہترین ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

 

 وفاقی وزیر حماد اظہر نےعالمی وبا کے تناظر میں سپلائی چین اور صنعتی ترقی کے نئےمواقعوں کے حصول اور ان کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے حکومت کی طرف سے پاکستان میں امریکی کارپوریٹ سیکٹر کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔سفیر پاکستان نے اراکین کو پاک-امریکا تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے لیے بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اس کو استعمال میں لانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پاکستان میں کاروباری مواقعوں میں بہتری اور صنعتی شعبے کی بحالی کے لیے حکومتی پالیسیوں اور اقدامات جن میں صنعتی ریلیف اور سستی توانائی پالیسی، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی ترقی، اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری شامل ہیں پر تفصیلی باحث کی گئی۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین ماحول اور مواقع موجود ہیں ، 2018 کے بعد سے امریکی کارپوریشنوں نے پاکستان میں براہ راست 1.5 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ امریکا میں پاکستانی برآمدات میں اضافے کا ججم اکتوبر میں 430 ملین ڈالر اور نومبر میں 437 ملین ڈالر تک پہنچا۔