صوبہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

صوبائی ورکنگ پارٹی کا اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی حامد یعقوب شیخ کی زیر صدارت منعقد اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کی شرکت

صوبہ پنجاب میں ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے فنڈز کی منظوری

لاہو ر: پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 17ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 6ارب 34 کروڑ 16لاکھ 54ہزار روپے کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ حامد یعقوب شیخ نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی عمران سکندر بلوچ سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران سمیت سینئر چیف کوآرڈینیشن جاوید لطیف، اسسٹنٹ چیف کوآرڈینیشن شاہد ادریس نے شرکت کی۔

صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں چکوال یونیورسٹی کے قیام کیلئے 1 ارب 45 کروڑ 71 لاکھ 13 ہزار روپے، ڈی جی خان میں ذچہ وبچہ بلاک، ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کیلئے 3 ارب 84 کروڑ 91 لاکھ 8 ہزار روپے، جے اینڈ سی پروگرام کے تحت مشترکہ اففولیٹ ٹریٹمنٹ پلانٹس (CETPs) اور صنعتی اسٹیٹس (IEs) سمیت پنجاب میں بہتر ماحولیاتی نظام کے نفاذ کے لئے ای پی اے پنجاب کی استعدادکار بڑھانے (پی سی II) (ترمیمی) کیلئے 22کروڑ 61 لاکھ 33 ہزار روپے، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈی جی پی آر پنجاب کی استعدادکار بڑھانے کے حوالے سے سٹڈی کیلئے 93 لاکھ روپے اور پنجاب بھر میں اعلی و معیاری آئسولیشن یونٹس کے قیام کیلئے 80کروڑ روپے شامل ہیں۔