شہباز شریف کے کورونا پازیٹیو ہونے پر دلی افسوس ہے: فیاض الحسن چوہان

ن لیگی ترجمانوں کا کورونا پر بھی سیاست سیاست کھیلنا قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہےوزیرِ اطلاعات پنجاب

شہباز شریف کے کورونا پازیٹیو ہونے پر دلی افسوس ہے: فیاض الحسن چوہان

لاہور :  وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے میاں شہباز شریف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ شہباز شریف سمیت  کورونا میں مبتلا دیگر لیگی قائدین کو بھی جلد صحتیابی عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا صحت مند رہنا پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے بڑا ضروری ہے۔ ن لیگی ترجمانوں کی جانب سے شہباز شریف کے  کوروناوائرس کا ملبہ نیب پر ڈالنے کے معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے  کوروناوائرس کے اثرات چار سے پانچ دن میں ظاہر ہوتے ہیں۔

شہباز شریف 9 جون کو مکمل ایس او پیز کے ساتھ نیب آفس میں پیش ہوئے۔ سائنسی شواہد کے مطابق قوی امکان ہے شہباز شریف کو کورونا وائرس پانچ سے آٹھ جون کے درمیان لگا ہو۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا ن لیگی ترجمانوں کا  کورونا پر بھی سیاست سیاست کھیلنا قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف قرنطینہ کے بعد کورونا کے خلاف عملی اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

٭٭٭٭