پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید نو کیسز، متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید نو کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد13 جبکہ ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید نو کیسز، متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہوگئی

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کراچی میں مزید نو کیسز کی تصدیق کی ہے۔

جبکہ وزیر صحت سندھ کی ترجمان میرن یوسف نے بھی بی بی سی سے بات کرتے ہوئے سندھ میں مزید نو کورونا وائرس کے مریضوں کی تصدیق کی جس کے بعد صوبہ میں کل مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

تاہم ان مریضوں میں سے ایک مریض یحییٰ جعفری صحت یاب ہوکر گھر منتقل ہوچکے ہیں۔

ترجمان وزیر صحت نے بتایا کہ چھ مریض شام سے براستہ دوحہ آنے والی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچے جبکہ تین متاثرہ افراد گذشتہ ہفتے لندن سے براستہ دبئی پرواز کے ذریعے کراچی آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سندھ میں 12 متاثرہ افراد زیر علاج ہیں جبکہ ایک مریض یحییٰ جعفری کو صحت یابی کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اب تک ملک میں کورونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے کراچی میں 13، اسلام آباد میں 2 جب کہ گلگت بلتستان سے ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔